مسلم لیگ(ن) کی تنظیم نو، مؤثر ممبر سازی، شفاف انٹر پارٹی الیکشن بلوچستان میں وقت کی اہم ضرورت ہیں،شفیق خان خروٹی

منگل 22 جولائی 2025 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)مسلم لیگ(ن) بلوچستان یوتھ ونگ کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد شفیق خان خروٹی نے کہا ہے کہ ہم جیسے دیرینہ، بے لوث کارکنان، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کا پرچم تھامے رکھا، آج بھی اسی خلوص سے اس جدوجہد میں شامل ہیںہمارا مطالبہ ہے کہ وفادار کارکنان کو ان کا جائز مقام دیا جائے، کیونکہ یہی لوگ پارٹی کی اصل طاقت اور بنیاد ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی آل ونگز سینئر ممبرز کانفرنس نواب سلمان خان خلجی اور میر زمان لہڑی کی زیرصدارت منعقد ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو، مؤثر ممبر سازی، اور شفاف انٹر پارٹی الیکشن بلوچستان میں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ مرکزی قیادت کو چاہیے کہ وہ نچلی سطح پر وابستہ کارکنوں سے براہ راست رابطے میں آئے، تاکہ ان کی آواز سنی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ جیسی سہولیات نوجوانوں کا بنیادی حق ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف پارٹی کی بنیادیں مضبوط ہوں گی بلکہ بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں دیرینہ اور وفادار کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے، انٹر پارٹی انتخابات کو مکمل شفاف اور بروقت یقینی بنایا جائے، صوبائی سیکریٹریٹ کا فوری قیام عمل میں لایا جائے، نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔