کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ہی سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا

گزشتہ تین دنوں میں سونے کے نرخ 7 ہزار 300 روپے بڑھ گئے، فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 64 ہزار900 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 جولائی 2025 20:32

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ہی سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 23 جولائی 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 64 ہزار900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 137 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 12 ہزار 842 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 283,865 روپے سے بڑھ کر 286,782 روپے ہوگئی ہے۔ آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ فی تولہ چاندی کی قیمت 46 روپے اضافے کے بعد 4,081 اور دس گرام چاندی کی قیمت 39 روپے اضافے کے بعد 3,498 ہو گئی۔ ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3,387 ڈالر سے بڑھ کر 3،424 ڈالر ہو گئی۔ دوسری جانب وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے مالی سال 2024-25 کے دوران 26 ارب 50 کروڑ ڈالر سے زائد غیر ملکی فنانسنگ حاصل کی جو مالی سال 24-2023 سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوست ممالک سعودی عرب، چین، امارات سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور ہوا، آئی ایم ایف سے 2 ارب ڈالر ملے، 12 ارب 13 کروڑ ڈالر پراجیکٹ فنانسنگ اور بجٹری سپورٹ کی مد میں فنانسنگ ہوئی۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق گزشتہ ماہ جون 2025 میں 5 ارب 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر فنانسنگ حاصل کی گئی، جون 2024 میں یہ فنانسنگ 2 ارب 25 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تھی، گزشتہ مالی سال کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 4 ارب 83 کروڑ 88 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔