آئی ٹی شعبہ کی ترقی حکومت کی ترجیح ، وزارت آئی ٹی پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ شروع کر رہی ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

بدھ 23 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی شعبہ کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، وزارت آئی ٹی پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ شروع کر رہی ہے، مصنوعی ذہانت کا فروغ حکومتی توجہ کا محور ہے، نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجونواں کے روزگار کو یقینی بنانے کیلئے ہم نے اس مرتبہ بھی اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا ہے،قومی ترقی میں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے اور کامیابی کا انحصار اسی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال ہم نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد کرایا، فورم میں 45 ممالک کے آئی ٹی وزراء اور مندوبین نے شرکت کی، اس فورم میں ہم نے 700 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ کے ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ اب کمپنیوں کو چاہئے کہ اس انویسٹمنٹ کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ شروع کر رہی ہے، اس کے تحت حکومت ایک بڑی تعداد میں سٹارٹ اپس کو آئی ٹی کے شعبہ میں فنڈنگ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا فروغ حکومتی توجہ کا محور ہے،اگر ہمارے سٹارٹ اپس کو باہر کسی ادارے میں داخلہ ملتا ہے تو حکومت اس کیلئے بھی انہیں فنڈ کرے گی، اب تک ہم ایسے سات سٹارٹ اپس کو فنڈ کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس سال ہم نے پانچ ہزار بچوں کو آئی ٹی کی تربیت دینی ہے، ہم نے تربیت کا طریقہ کار تبدیل کرکے انرولمنٹ کی جگہ ایمپلائمنٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب انرولمنٹ کی جگہ دیکھا جائے گا کہ تربیت کے بعد کتنے نوجوانوں نے روزگار حاصل کیا یا وہ بین الاقوامی سرٹیفکیشن کی طرف گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہر پروگرام کو ایک تھرڈ پارٹی مانیٹر کر رہی ہے، ہواوے، گوگل اور دیگر بین الاقوامی آئی ٹی سرٹیفکیشن پاکستان میں دستیاب ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہمارے بچے بین الاقوامی سطح پر بہترین سرٹیفکیشن حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب مل کر کام کرتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، پاکستان کا مستقبل آئی ٹی کے شعبہ میں ہے۔