جماعت اسلامی 30 جولائی کو پشاور میں امن جرگہ منعقد کرے گی، عبدالواسع

جمعرات 24 جولائی 2025 18:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) جماعت اسلامی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں معاشرے کے تمام طبقات سے مشاورت کےلئے 30 جولائی کو پشاور میں "دہ امن غگ" کے نام سے امن جرگہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امن جرگہ کے حوالے سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے صوبائی میڈیا سیل کے زیراہتمام مرکز الاسلامی میں سوشل میڈیا کے ضلعی ذمہ داران کا اہم اجلاس نائب امیر صوبہ میاں صہیب الدین کاکاخیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر میڈیا احمد فرقان خلیل، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نورالواحدجدون، سوشل میڈیا انچارج صداقت محمود سمیت اضلاع کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن مارچ کی کامیابی کےلئے صوبہ بھر میں سوشل میڈیاکی ٹیموں کو منظم کر کے گراس روٹ لیول پر انتظامات کی منصوبہ بندی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا کا سب سے بڑامسلہ قیام امن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 30 جولائی کو گل مکئی شادی ہال نزد نادرن بائی پاس میں امن جرگہ منعقد کرے گی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان سمیت علمائے کرام، وکلا، تاجر برادری، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، صحافیوں سمیت معززین شہر کثیر تعداد میں شریک ہوں گے۔ امن جرگہ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔