فلم اسٹار مصطفی قریشی سندھ حکومت سے شدید دل برداشتہ

سندھ کے حکمرانوں کی جانب سے مسلسل ناقدری کئے جانے پر اہل خانہ سمیت ملک چھوڑنے پر غور شروع کردیا ،روبینہ قریشی کی برسی میں سندھ حکومت کی کسی بھی شخصیت کے شرکت نہ کرنے پر افسوس رہے گا،گفتگو

جمعرات 24 جولائی 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)پاکستان کے لیجنڈ فلم اسٹار مصطفی قریشی سندھ حکومت کے روئیے سے سخت دل برداشتہ ہیں حکمرانوں کی جانب سے مسلسل ناقدری کئے جانے نے پر اہل خانہ سمیت ملک چھوڑنے پر غور شروع کردیا اپنی رہائش گاہ پر اطہر جاوید صوفی اور وسیع قریشی کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی قریشی نے کہا کہ میرا پاکستان پیپلز پارٹی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو سے دیرینہ ساتھ رہا ہے پیپلز پارٹی کے لئے میری جو خدمات ہیں اس سے سب واقف ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جو موجود قیادت اور بالخصوص حکومت میں جو لوگ شامل ہیں انھوں نے فنکار برادری کو نظر انداز کیا ہوا ہے میری بیگم روبینہ قریشی جو سندھ کی ایک بڑی گلوکارہ تھی جنھیں ذوالفقار علی بھٹو نے بلبل مہران کا خطاب عطا کیا تھا ان کی برسی میں سندھ حکومت کی کسی شخصیت کے شرکت نہ کرنے پر مجھے ہمیشہ افسوس رہے گا بھٹوشہید روبینہ کو چیین لے کر گئے تھے جہاں انہوں نے چائنیز زبان میں گا یا تھا ملائشیا اور ترکی سمیت بہت سے ممالک میں روبینہ سرکاری وفد کے ساتھ گئیں اور پرفارم کیا ذوالفقار علی بھٹو بڑے فخر سے روبینہ قریشی کا تعارف کراتے ہوئے کہتے تھے یہ میرے صوبے کی فنکارہ ہیں لیکن اتنی بڑی فنکارہ کی برسی میں سندھ پر حکمرانی کرنے والوں کو دعائے مغفرت کرنے کی فرصت بھی نہیں ملی مصطفی قریشی نے کہا کہ آپ سوچتا ہوں یہ ملک ہی چھوڑ دوں جہاں ہماری قدر نہیں ھے انھوں نے کہا کہ مجھے سندھ دھرتی کا سپوت ہونے پر فخر ہے لیکن آج کل جو سندھ پر حکمرانی کر رہے ہیں وہ بے حس لوگ ہیں انھیں اندازہ نہیں ہے کہ فنکار کتنا حساس ہوتا ہے