پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کھیلنے کی ناکام کوشش کررہی ہے،مہاجرقومی موومنٹ

پی پی سمجھ چکی ہے کہ بھٹو کا ٹریڈ مارک اب زیادہ دیر اسکے پاس نہیں رہے گا پاکستان ہمارے بزرگوں کی مقدس امانت،مہاجروں کا جینا مرنا ملک کیلئے ہے،صادق ادریس

جمعرات 24 جولائی 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے مرکزی رہنما صادق ادریس نے کہا کہ حب الوطنی کا تقاضہ یہی ہے کہ علاقائی و لسانی علامتوں کی بجائے قومی علامت کونمبر پلیٹ پر پرنٹ کیا جائے، اس سے ناصرف قومی وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ مہاجر قوم کے تحفظات بھی کم ہوجائیں گے۔ صادق ادریس نے کہا پیپلز پارٹی کی نفرتوں کو بڑھاوا دینے کی کوششیں چیئرمین آفاق احمد دانشمندی سے ناکام بنا رہے ہیں، اپنی پریس کانفرنس میں جہاں انہوں نے مہاجر قوم کا مقدمہ لڑا وہیں سندھی قوم کو بھی پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ دکھا دیا۔

صادق ادریس نے کہا کہ پی پی سمجھ چکی ہے کہ بھٹو کا ٹریڈ مارک اب زیادہ دیرااسکے پاس نہیں رہے گا اس لے لسانیت کو ہوا دیکر سندھ کارڈ کھیلنے کی کوشش کررہی ہے س میں اسے کامیابی ملنا مشکل ہے کیونکہ سندھی قوم میں بھی بڑی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو پیپلز پارٹی کی سازش بھانپ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

صادق ادریس نے کہا کہ عوام کی جانب سے نمبر پلیٹ پرپاکستانی پرچم پرنٹ کرنے کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ مہاجر عوام کسی بھی قسم کے تعصبات پر یقین نہیں رکھتے، مہاجر قوم کا جینا مرنا اپنے وطن کیلئے ہے کیونکہ یہ ہمارے پاس مارے بزرگوں کی مقدس امانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی خوش فہمی میں نہ رہے، اسکا ہر جگہ ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔