پاکستان کی چین کو تل کی برآمدات میں 300 فیصد کا ریکارڈ اضافہ

رواں سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان نے 5 کروڑ 74 لاکھ 40 ہزار ڈالر کے تل برآمد کیے

جمعہ 25 جولائی 2025 14:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)رواں سال کی پہلی ششماہی میںپاکستان کی چین کو تل کے بیجوں کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس میں مالیت کے لحاظ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 300 فیصد کا حیران کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بات بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر غلام قادر نے بتائی۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق غلام قادر کے مطابق جنوری سے جون 2025 کے دوران پاکستان نے چین کو 4 کروڑ 60 لاکھ کلوگرام سے زائد تل برآمد کیے، جن کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 74 لاکھ 40 ہزار ڈالر رہی۔ گزشتہ برس اسی مدت میں برآمدات کا حجم محض 86 لاکھ کلوگرام تھا، جن کی مالیت 1 کروڑ 43 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ چائنا اکنامک نیٹ اس نمایاں اضافے کی بنیادی وجوہات میں برآمدات کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ اور مسابقتی قیمتوں کی حکمت عملی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

2024 کی پہلی ششماہی میں تل کی فی کلو اوسط قیمت 1.67 ڈالر تھی، جو 2025 میں کم ہو کر 1.24 ڈالر فی کلو ہو گئی۔ قیمت میں یہ کمی پاکستانی تل کو چینی منڈی میں مزید پرکشش بنانے میں مددگار ثابت ہوئی۔ غلام قادر نے کہا کہ یہ قابلِ ذکر اضافہ نہ صرف پاکستان کی زرعی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ برآمدی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی کامیابی کا بھی ثبوت ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں چین کو تل برآمد کرنے والے سرفہرست ممالک میں نائجر (348 ملین کلوگرام، اوسط قیمت: 1.35)، ٹوگو (113 ملین کلوگرام، اوسط قیمت 1.47 ڈالر فی کلو)، ایتھوپیا (65 ملین کلوگرام، اوسط قیمت 1.64 ڈالر فی کلو) اور پاکستان (46 ملین کلوگرام، اوسط قیمت 1.24 ڈالر فی کلو )شامل تھے۔ پاکستانی تل کی فی کلو اوسط قیمت ان افریقی ممالک کے مقابلے میں کم رہی، جس نے چین میں مارکیٹ شیئر بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

چائنا اکنامک نیٹ برآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ ملک میں تل کی بڑھتی ہوئی کاشت مقامی کاشتکاروں کے اعتماد اور اس شعبے میں موجود مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔ ماہرین اسے چین کے ساتھ تجارتی تعاون کے فروغ اور پاکستان کی زرعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔