اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے کشمیری خاتون رہنماءشمیم شال کو "شیلڈ آف آنر"سے نوازا گیا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طر ف سے او آئی سی کا خیرمقدم

جمعہ 25 جولائی 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے معروف کشمیری خاتون حریت رہنماا ور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن محترمہ شمیم شال کو انسانی حقوق کے شعبے میں ان کی قابل قدرخدمات کے اعتراف میں "شیلڈ آف آنر"دینے پر اسلامی تعاون تنظیم کاخیرمقدم کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت حریت کنوینر غلام محمد صفی نے کی ۔

تقریب میں حریت قائدین، میڈیا کے نمائندوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے شرکا نے شمیم شال کی طرف سے انسانی حقوق، خواتین کے حقوق تحفظ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کو عالمی فورمز تک پہنچانے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے انکی خدمات کوسراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمیم شال کا اعزاز پوری کشمیری قوم کیلئے باعث فخر ہے، جس سے ظاہرہوتا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کا خصوصی طورپرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ا قدام سے نہ صرف کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑنے میں مد دملے گی ۔انہوں نے او آئی سی اور اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اورمقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی سازشوں اورکشمیری نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرانے اور کشمیری نظربندوں کی رہائی اورمقبوضہ کشمیرمیں رائج تمام کالے قوانین کی فوری منسوخی کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائے۔

حریت قائدین نے او آئی سی پرزوردیاکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر دباؤ بڑھائے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر سے جنوبی ایشیاءکے خطے کوجوہری جنگ کے خطرات کا سامنا ہے ،لہذا مسئلہ کشمیر کے فوری منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

حریت قائدین نے کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا ۔تقریب میں شمیم شال کے علاوہ سینئر حریت رہنماءمحمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر،سید یوسف نسیم ، پرویز احمد ، شیخ عبدالمتین ،راجہ شاہین،چوہدری شاہین،سید اعجاز رحمانی ،حاجی محمد سلطان ،زاہد صفی، انجینئر مشتاق محمود ،میاں مظفر،عدیل مشتاق ،سید گلشن، محمد اشرف ڈار، زاہد مجتبیٰ، منظور ڈار، محمد شفیع ڈار،عبدالمجید لون،عبد المجید میر،شوکت بٹ، شیخ عبد الماجد ،رئیس میر، مقصود منتظر ،جہانگیر قریشی اور مشتاق احمد بٹ نے شرکت کی۔