Live Updates

سیاحتی مقام کاغان میں کلاؤڈ برسٹ تودہ گرنے سے سڑک بلاک ،117جیپوں میں سوار 500 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انجینئرنگ ون نے بھاری مشینری استعمال کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا اورمحصور ہونے والی تمام گاڑیوں اورسیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 جولائی 2025 12:11

سیاحتی مقام کاغان میں کلاؤڈ برسٹ تودہ گرنے سے سڑک بلاک ،117جیپوں میں ..
 کاغان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی 2025)سیاحتی مقام کاغان میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تودہ گرگیا،117جیپوں میں سوار 500 سیاحوں کو ریسکیو کرلیاگیا، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا،واقعے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کی ہدایات جاری کیں تھیں،بتایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا ہ کے سیاحتی مقام وادی کاغان میں جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک پر اچانک کلاؤڈ برسٹ کے باعث بڑا تودہ گر گیا جس کے نتیجے میں 500 سے زائد سیاح اور 117 سے زائد جیپس بھی ملبے کے باعث بند راستے میں پھنس گئیں۔

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انجینئرنگ ون نے بھاری مشینری استعمال کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا اورمحصور ہونے والے تمام گاڑیوں آور سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیاحت عبدالصمد نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا ہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1422 پر فوری رابطہ کریں۔

کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹورازم پولیس اور ریسکیو کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں سیاحوں کی 117 سے زائد جیپوں کیلئے راستہ بحال کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری نے راستے سے ملبہ ہٹا کر روڈ کو بحال کر دیاہے۔دوسری جانب چلاس تھک بابوسر سیلاب سے درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا ہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم عمومی طور پر گرم اور مرطوب رہے گا۔

تاہم بالائی اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ روز نوشہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں بارش ہوئی، جہاں چراٹ میں 9، کاکول میں 13 اور کالام میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کامزید یہ بھی کہناتھا کہ کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، چترال،دیر، سوات،کشمیراورگلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات