افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری خوش آئند ہے ،مولانا عبدالحق ثانی

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) جمعیت علمائے اسلام (س) پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہاہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری خوش آئند ہے، تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے قائدین اور دیگر ادارے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ملک میں قیام امن اوردیگر شعبوں کو مضبوط کرنے کیلئے سرجوڑ کر غور کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے مجلس عمومی کے ارکان نے شرکت کی اور جمعیت علما اسلام کو ملک بھر میں منظم اور فعال کرنے کیلئے تجاویز دیں ۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ نے ایجنڈا پیش کیا اور حالات حاضرہ پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

امیر مرکزیہ مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری خوش آئند ہے ،چاہتے ہیں کہ دونوں پڑوسی و اسلامی ممالک کے درمیان قربت ہو۔مولانا عبدالحق ثانی نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جماعت کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور عوام، علما اورطلبا کو مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا حامد الحق شہید کی دینی ،سیاسی ،سماجی اور علمی خدمات سے آگاہ کریں۔

اجلاس میں پرانے اور نئے دستور کا جائزہ لینے کے لئے مولانا عرفان الحق ،مولانا عبدالقدوس نقشبندی، مولانا عبدالصمد درخواستی، حافظ عبدالرافع، حافظ محمد فاروق، قاری سیف الرحمن اورسردار نسیم پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی جو دستور کو از سرنو مرتب کریں گے اور مجلس عاملہ و مجلس عمومی سے اجازت اور منظوری کے بعد شائع کریں گے۔ سندھ کے ناراض اور خاموش ساتھیوں کے لئے مولانا اقبال اللہ ،مولانا حضرت ولی ہزاروی اور مولانا سیف الرحمن پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جو ان سے رابطہ اور ان کے تحفظات کو دور کریں گے۔