نئی دہلی ،بہارمیں چلتی ایمبولینس میں بیہوشی کی حالت میں لڑکی کی عصمت دری

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا سے ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ہوم گارڈز کی بھرتی کے لیے دوڑ میں شریک ایک نوجوان خاتون امیدوار کی چلتی ایمبولینس میں عصمت دری کی گئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریاست میں ہوم گارڈز کی بھرتی کے لیے جسمانی ٹیسٹ ہو رہے تھے۔

دوڑ کے دوران ایک نوجوان خاتون امیدوار اچانک بیہوش ہو گئی۔ موقع پر موجود عملے نے ایمبولینس کو فوری طور پر بلایا تاکہ اسے ہسپتال پہنچایا جا سکے۔ متاثرہ لڑکی کو ایک ایمبولینس میں ڈرائیور ونے کمار اور ٹیکنیشن اجیت کمار کے ساتھ ہسپتال بھیجا گیاتاہم ہسپتال پہنچنے کے بعد جب لڑکی کو ہوش آیا تو اس نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ ہسپتال لے جاتے وقت چلتی ایمبولینس میں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آنند کمار نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی کی شکایت کے بعد ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی قیادت ایس ڈی پی او سوربھ جیسوال نے کی۔ ٹیم نے فوری چھاپے مار کر دونوں ملزمان کو گرفتارکر لیا۔پولیس نے فارینزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو موقع پر بھیجا تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

اس کے علاوہ راستے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی ملزمان کی شناخت اور واقعے کی تصدیق کی گئی۔ دونوں کے خلاف عصمت دری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایس ایس پی آنند کمار نے بتایا کہ کیس کی تیز رفتاری سے تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی چالان داخل کر کے عدالت میں کارروائی مکمل کی جائے گی۔یہ واقعہ بھارت میں صرف پولیس یا عدالتی نظام کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ اسپتال لے جانے والی ایمبولینس جیسی محفوظ گاڑی میں بھی خواتین محفوظ نہیں۔