سینیٹر روبینہ خالد کی صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کی 70 ویں سالگرہ پر مبارکباد

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کی 70 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری واحد پاکستانی سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی بلکہ دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوئے جو کہ ایک سیاسی کامیابی ہے۔

انہوں نے صدرآصف علی زرداری کی قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بغیر کسی جرم کے صبر و استقامت سے ناانصافیوں کو برداشت کرتے ہوئے کئی سال جیل میں گزارے۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران صدرمملکت آصف علی زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے وفاق کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا اور تمام صدارتی اختیارات رضاکارانہ طور پر پارلیمنٹ کو منتقل کئےجس سے ملک میں جمہوری طرز حکمرانی کو تقویت ملی۔

سینیٹر روبینہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کرایا،آج 10 ملین سے زیادہ پسماندہ خواتین بی آئی ایس پی کے ذریعے مالی امداد حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کر کے صدر مملکت نے ملک کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کو ثابت کیا۔