پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سفارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط کر رہا ہے،وزیرمملکت بلال اظہر کیانی

ہفتہ 26 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ، چین، روس اور خلیجی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اپنے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو فعال طور پر مضبوط کر رہا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطح کے دورے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی مصروفیات اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں اور ممکنہ تجارتی معاہدہ پاکستان کی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور علاقائی طور پر ذمہ دارانہ کردار کے اعتراف کا بھی خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت اس مشن کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔