بھارت آر ایس ایس نظریات پر عمل پیرا ہو کر جنوبی ایشیا کے امن کو تباہ کر رہا ہے،ندیم احمد شیخ

آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی اقوام متحدہ کی قراردادوں، شملہ معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے

اتوار 27 جولائی 2025 15:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری اطلاعات آفیسر تعلقات عامہ ہمراہ وزارت وزائلڈ لائف فشریز ترقیاتی ادارہ ندیم احمد شیخ نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا اقدام محض ایک سیاسی چال نہیں بلکہ کشمیری عوام کے خلاف ایک سنگین دہشتگردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی اقوام متحدہ کی قراردادوں، شملہ معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کی شناخت، آبادیاتی تناسب اور جدوجہد آزادی کو کچلنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5اگست کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے بھارتی حکومت کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارت آر ایس ایس نظریات پر عمل پیرا ہو کر جنوبی ایشیا کے امن کو تباہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کو مسلسل ظلم، محاصرے، لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ندیم احمد شیخ نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کیا گیا، سیاسی قیادت کو نظر بند کیا گیا اور اظہار رائے کی آزادی چھین لی گئی۔

ندیم احمد شیخ نے کہا کہ اس سیاہ دن کو کشمیری قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور ان شاء اللہ آزادی کی یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔وزیر جنگلات نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، یعنی حق خودارادیت دلانے میں عملی کردار ادا کریں۔انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے بھی اپیل کی کہ 5 اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ کشمیری کبھی بھی بھارتی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔