سردار ایاز صادق کی فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم کی شدید مذمت، عالمی برادری سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اتوار 27 جولائی 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم اور منظم نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ظلم، بربریت اور غیر انسانی رویے کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 60 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیلی افواج اسپتالوں، گھروں، اسکولوں اور امدادی مراکز پر وحشیانہ بمباری کر رہی ہیں جبکہ خوراک اور امداد لینے والے نہتے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کی سرحدیں بند کر کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھوکا مارا جا رہا ہے جو کہ انسانی اقدار اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ انسانی امداد اور دواؤں کی فراہمی کو روکنے کی اسرائیلی پالیسی انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظالم کسی بھی انسانی، اخلاقی یا بین الاقوامی قانون کے تحت جائز قرار نہیں دیے جا سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی ریاست کا مظلومیت کا جعلی تاثر اور پروپیگنڈا اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

اسرائیل معصوم فلسطینیوں پر دہشت گردی کا جھوٹا الزام لگا کر اصل حقائق چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے اور فلسطینی عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی غاصبانہ قبضہ ختم کروانے اور 1967 کی حدود پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمان نے فلسطینی عوام کے حق اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔