خاتون اینکر پرسن شوہر اور 3 بچوں سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

عینی شاہدین نے 10 سے 15 سیاحوں کے شاہراہ بابوسر میں سیلابی ریلوں میں بہنے کی اطلاع دی ہے جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اب تک 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں؛ ترجمان گلگت بلتستان حکومت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 23:26

خاتون اینکر پرسن شوہر اور 3 بچوں سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئیں
دیامر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) خاتون اینکر پرسن شوہر اور 3 بچوں سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے نجی ٹیلی ویژن چینل کی اینکر کی فیملی سمیت 15 سیاحوں کے سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کی تصدیق کی ہے، اس حوالے سے ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ کا کہنا ہے کہ نجی ٹیلی ویژن خیبر نیوز کی اینکر پرسن شبانہ لیاقت اور ان کے خاندان کے5 افراد کے شاہراہ بابوسر پر لاپتا ہونے کے بارے میں ان کے لواحقین نے تلاش کے لیے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت اور تین بچوں کے لاپتا ہونے کے بارے میں لیاقت کے خاندان کی طرف سے شکایت سامنے آئی ہے، عینی شاہدین نے 10 سے 15 سیاحوں کے شاہراہ بابوسر میں سیلابی ریلوں میں بہنے کی اطلاع دی ہے جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اب تک 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور دیگر لاپتا سیاحوں کی تلاش جاری ہے، سیلابی ملبے میں سرچ آپریشن میں سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے، بحالی اور سرچ آپریشن میں دیامر پولیس، انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریسکیو 1122، افواج پاکستان اور جی بی سکاؤٹس بھی شامل ہیں۔