Live Updates

سیلاب کو جواز بناکر مہنگائی کا طوفان، حکومت نے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم کردی

دنیا دیکھ رہی ہے پاکستانی عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں، آفت زدہ عوام کو بجلی کے بل بھیجنا مناسب نہیں، ہم پہلے ہی آئی ایم ایف پروگرام میں شامل ہیں، اس نے اس صورتحال کو سمجھ لیا؛ وزیرخزانہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 ستمبر 2025 13:23

سیلاب کو جواز بناکر مہنگائی کا طوفان، حکومت نے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم ..
کمالیہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر 2025ء ) پنجاب میں سیلاب کو جواز بناکر مہنگائی کا طوفان آچکا ہے حکومت نے اس سے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیلاب سے متاثرہ مل فتیانہ پل اور فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں سابق ایڈووکیٹ جنرل مصطفیٰ رمدے اور اے ایس پی معاذالرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے، اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے وزیر خزانہ کو سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی، محمد اورنگزیب نے متاثرین سیلاب کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کے تحت جو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے، تمام اقدامات صوبوں کی مشاورت سے ہی کیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کیلئے بجلی کے بل ادا کرنا آسان نہیں ہے، متاثرین کی بحالی کو جلد یقینی بنائیں گے، وزیر اعظم پہلے ہی دو ایمرجنسیز ڈکلیئر کر چکے ہیں، ہر قسم کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، 15 دنوں میں تخمینے آنا شروع ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم اور وفاقی وزراء ذاتی طور پر فعال ہیں، تیل سستا ہو رہا ہے اور امپورٹڈ مہنگائی کی کوئی بات نہیں، سیلاب کے بعد مہنگائی سے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم بنا دی گئی ہے، تیل سستا ہو رہا ہے اور امپورٹڈ مہنگائی کی کوئی بات نہیں، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینا ترجیح ہے، ملک ترقی کر رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب میں ریلیف آپریشن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، اللہ کرے پانی جلد اترے اور اگلی فصلیں کاشت ہوں، سیلاب سے سڑکیں، پل، مکانات اور املاک تباہ ہوئیں، سٹرکچر کو دوبارہ پہلے جیسا بنانا ہے اور دنیا دیکھ رہی ہے پاکستانی عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں، آفت زدہ عوام کو بجلی کے بل بھیجنا مناسب نہیں، ہم پہلے ہی آئی ایم ایف پروگرام میں شامل ہیں، اس نے اس صورتحال کو سمجھ لیا ہے، فنڈز سے پہلے اپنے وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات