پنجاب میں ’’پلانٹ فار پاکستان پروگرام‘‘کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2025ء کا باقاعدہ آغاز

پیر 28 جولائی 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے تحت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ’’پلانٹ فار پاکستان پروگرام‘‘کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2025ء کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ لاہور کے کاہنہ کاچھا انٹرچینج پر پی ایچ اے کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں انہوں نے خود پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر بچوں نے بھی پودے لگائے، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا جبکہ مریم اورنگزیب نے مالیوں کے ساتھ مل کر درخت لگائے اور ان کی خدمات کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صرف (EPA) نے بھٹوں اور صنعتی علاقوں کے اطراف 25 ہزار سے زائد درخت لگا دیے ہیں جن میں املتاس، شہتوت، جامن، انار اور دیگر 17 اقسام کے مقامی و پھلدار پودے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

''لنگز آف لاہور'' منصوبے کے تحت 65 ایکڑ پر شجرکاری مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر لگائے جانے والے درخت کی GPS میپنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ اس کی بہتر نگہداشت ممکن ہو۔ رواں سال پہلی بار فائر فارسٹ سسٹم میں مصنوعی ذہانت سے لیس سنسرز نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ فارسٹ فورس بھی قائم کی گئی ہے جو جنگلات کی حفاظت کرے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات ملک کا پہلا ادارہ ہے جس نے دیہاڑی دار ورکرز کو ڈیجیٹل ادائیگیاں شروع کی ہیں۔

فارسٹ اور ٹمبر مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ عوامی سہولت کے لیے 1399 ہیلپ لائن کے ذریعے پودوں کی ہوم ڈیلیوری سروس بھی فعال ہے جو وزیر اعلیٰ مریم نواز کاعوام کو تحفہ ہے۔ آج صرف پی ایچ اے کی جانب سے تین ہزار سے زائد پودے لگائے گئے جبکہ رنگ روڈ پر اربن فارسٹ کے تحت تین لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسموگ سے نمٹنے کے لیے گزشتہ سال سے اب تک 60 اے کیو آئی اسٹیشنز کو فنکشنل اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، جبکہ بھٹوں کو زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ درخت کاربن سنک کرتے ہیں اور ان کے بغیر اسموگ پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے لاہور کے ہر شہری سے اپیل کی کہ وہ اپنا درخت ضرور لگائے۔ اس مقصد کے لیے اے آئی سنٹرل زون قائم کیے جا رہے ہیں جہاں پودوں کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔انہوں نے میڈیا کو شاباش دی اور کہا کہ سب اس مہم کی اہمیت کو سمجھ چکے ہیں۔ پنجاب میں پہلی بار سموگ گنز متعارف کرائی گئی ہیں جو ڈسٹ سسپینشن کے لیے استعمال ہوں گی۔

کوئی بھی، جنگلات یا پارکوں کی دیکھ بال کا فریضہ لیکر فارسٹ کورکوبڑھاسکتا ہے۔ہر فرد کے لیے گرین کاربن کریڈٹ اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ای-موٹر بائیک پر ایک لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز پر لازم ہوگا کہ وہ اپنے حصے کے درخت لگائیں، بصورت دیگر فارسٹ اورفارسٹ فورس بھاری جرمانے عائد کرے گی۔ تمام ہاؤسنگ منصوبوں میں ایک فیصد بجٹ شجرکاری کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔

تاکہ اسموگ کاخاتمہ ممکن بنایاجاسکے۔مریم اورنگزیب نے پی ایچ اے، ڈی جی، دیگر محکموں، صحافیوں، اور بچوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کی ہدایت پر 10 اضلاع میں 19 واسا دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں اور پی ایچ اے کو تمام اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے، جس سے پورا پنجاب سرسبز و شاداب اور خوبصورت بن جائے گا۔ پی ایچ اے کے تمام مالیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہیں مریم نواز کی جانب سے خصوصی شاباش دی گئی۔ تقریب میں شریک بچوں کو بھی پودے لگانے پر داد دی گئی اور ماحول کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔