Live Updates

گیس کی فی یونٹ قیمت میں 590 روپے کا ہوشربا اضافہ

گیس چارجز میں 590 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے 1 ہزار 976 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 2 ہزار 566 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئے

muhammad ali محمد علی پیر 28 جولائی 2025 18:40

گیس کی فی یونٹ قیمت میں 590 روپے کا ہوشربا اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2025ء) گیس کی فی یونٹ قیمت میں 590 روپے کا ہوشربا اضافہ۔ ادارہ شماریات نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر4.07 فیصد ہو گئی، جس کی بنیادی وجہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ رپورٹ میں انکشاف گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے لیے گیس چارجز میں 590روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ ہوا ہے، اور یہ ایک ہزار 976روپے 50پیسے سے بڑھ کر 2ہزار 566روپے 50پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق پہلی سہ ماہی کے لیے بجلی چارجز میں ایک روپے فی یونٹ کا اضافہ ہوا، جو 4روپے 66پیسے سے بڑھ کر 5روپے 66پیسے فی یونٹ ہوگئے۔ اس حوالے سے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ خطے کی سب سے زیادہ مہنگی بجلی اور گیس بیچ کر ترقی نہیں ہو سکتی، ہماری گورننس ناقص ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 2.22 فیصد ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق 24 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حالیہ ہفتے میں 12 اشیاء سستی اور 25 مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر 22.93 فیصد، انڈے 3.96 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ لہسن، بیف، دودھ، دہی، سیگریٹس، انرجی سیور کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ اسی طرح چکن 7.95 اور چینی کی قیمتوں میں 4.25 فیصد کی کمی ہوئی، جبکہ پیاز، کیلے، آلو، آٹا، دالیں، ایل پی جی کے نرخوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

یوں ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 2.22 فیصد ہوگئی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے دعووں کے برعکس مہنگائی نے عوام کو بھرکس نکال دیا ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آیاہے جس نے خریداروں کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیاہے۔ مارکیٹوں میں ٹماٹر، آلو، پیاز، لیموں، ادرک، لہسن سمیت روزمرہ استعمال کی تمام سبزیاں سرکاری ریٹ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں، پھلوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، آم، سیب، کیلا، انگور اور دیگر پھلوں کے نرخ اتنے زیادہ ہیں کہ شہری انہیں صرف دیکھ کر ہی واپس پلٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات