کرپٹو کونسل سے متعلق مفتاح اسماعیل کا بیانیہ زمینی حقائق کے برعکس ہے، عطا اللہ تارڑ

پیر 28 جولائی 2025 20:57

کرپٹو کونسل سے متعلق مفتاح اسماعیل کا بیانیہ زمینی حقائق کے برعکس ہے، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں حکومت سفارتی و قانونی مدد فراہم کر رہی ہے، اس معاملے پر پیشرفت کے لئے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنائی گئی ہے، اسحاق ڈار شوگر ایڈوائزری بورڈ کے رکن نہیں، اس بارے میں خبر درست نہیں، کرپٹو کرنسی کی ریگولیشن کے حوالے سے نظام وضع کیا گیا ہے، کرپٹو کرنسی سے متعلق مفتاح اسماعیل کا بیانیہ زمینی حقائق کے برعکس ہے۔

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے حوالے سے غلط خبر دی گئی کہ وہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے رکن ہیں، اس طرح کی خبر دینے سے پہلے ریکارڈ چیک کرلینا چاہئے، سینیٹ کے اندر ایک سوال کیا گیا جس کا جواب محکمہ نے تحریری طور پر جمع کروایا، جو بھی معاملات ہیں وہ تحریری طور پر فلور آف دی ہائوس پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کی تشکیل کو پڑھ لینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹو کرنسی کی ریگولیشن کے حوالے سے نظام وضع کیا ہے، کرپٹو کونسل بنائی گئی، قوانین بنائے گئے۔ کرپٹو کی پاکستان کے اندر گروتھ ہے، ماضی میں ہم نے دیکھا ہے کہ ہمارے دشمن نے کرپٹو سے متعلق اقدامات پر سوالات اٹھائے، مفتاح اسماعیل کا بھی وہی بیانیہ ہے جو انڈیا کا کرپٹو کے بارے میں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپٹو ایک ریگولیٹڈ انڈسٹری ہے، اس کے باقاعدہ قوانین بنائے گئے ہیں، ایک بڑھتا ہوا شعبہ ہے، اس کے متعلق بغیر تحقیق کے بات کرنا، کسی پر بلا وجہ الزام لگانا دشمن کا ایجنڈا ہے، پاکستان کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے تو شاید انہیں ہضم نہیں ہو رہی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بارے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاکستان سفارتی و قانونی مدد فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس معاملے پر پیشرفت کے لئے قانونی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، وزیر قانون اس کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے جتنی کوششیں اس دور میں کی جا رہی ہیں شاید ہی کبھی کسی دور میں ہوئی ہوں، اسحاق ڈار نے بھی وضاحت کر دی ہے، ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے، یہ مخالفین کی سازش تھی۔