بھارتی وزیر خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا کے کردار کی وضاحت نہیں کی ، پرینکاگاندھی

منگل 29 جولائی 2025 17:05

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے لوک سبھا میں آپریشن سندھ کے بارے میں بیان کے فوراً بعد کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں امریکا کے کردار کی وضاحت نہیں کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر خارجہ نے امریکا کی مبینہ ثالثی سے متعلق وضاحت نہیں کی ہے ۔

انہوں کہا کہ ایس جے شنکر نے کئی چیزوں بشمول جنگ بندی میں امریکا کے کردار کی وضاحت نہیں کی۔لوک سبھا میں آپریشن سندو ر پر بحث کے دوران اپوزیشن رہنمائوں بشمول گورو گگوئی، کلیان بنرجی، پرنیتی شندے اور دیپیندر ہڈا نے مودی حکومت سے جنگ بندی میں امریکا کے کردار ، صدر ٹرمپ کی طرف سے جنگ بندی کا 28مرتبہ کریڈٹ لینے ،تجارت کی دھمکی دے کر جنگ بندی کرانے ، بھارتی طیاروں کی تباہی اور تنازعہ کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے پیش کش پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور وضاحت طلب کی ۔

(جاری ہے)

گوروگگوئی اور دیپیندر ہڈا نے کہا کہ امریکی صدر نے 28 بار کہا ہے کہ انھوں نے تجارت کی دھمکی دے کر جنگ بندی کروائی۔ انھوں نے بھارت کے جنگی طیاروں کی تباہی اورتنازعہ کشمیر پر ثالثی کی بھی پیش کش کی ، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار بھی اس کی تردید نہیں کی ہے۔