پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے برٹش کونسل کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، حکومت نے لڑکیوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے زیور تعلیم، ویمن آن وہیلز سمیت دیگر اقدامات اٹھائے ہیں، رانا مشہود احمد خاں

منگل 29 جولائی 2025 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے برٹش کونسل کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لڑکیوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے زیور تعلیم، ویمن آن وہیلز سمیت دیگر اقدامات اٹھائے ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے چار ایز تعلیم، مشغولیت، ماحولیات اور روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لڑکیوں کیلئے سکاٹ لینڈ پاکستان سکالرشپ سے متعلق 10 سالہ جائزہ رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے برٹش کونسل کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، برٹش کونسل نے پاکستان میں بالخصوص لڑکیوں کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، لڑکیوں کی تعلیم کیلئے سکالرشپ پروگرام پر سکاٹ لینڈ حکومت کے شکرگزار ہیں، ملک بھر سے لڑکیاں اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے زیور تعلیم پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کے تحت پنجاب کے دور دراز کے 16 اضلاع میں لڑکیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے، ان اضلاع میں لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دی جاتی تھی لیکن زیور تعلیم پروگرام سے ان اضلاع میں لڑکیوں میں تعلیم کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا اور انہوں نے امتحانات میں اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کیں، ان اضلاع میں لڑکیوں کی تعلیم کی شرح 16 سے 21 فیصد تک تھی لیکن اب یہ 51 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ہمیں اپنی بچیوں پر فخر ہے اور یہ ہمارا مستقبل ہے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جس کے تحت پانچ لاکھ مستحق طلباء کو میرٹ پر سکالرشپس دیئے گئے، برٹش کونسل سمیت دیگر شراکت داروں نے اس میں بھرپور تعاون فراہم کیا، اب پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھا دیا گیا ہے اور یہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ ہے جس سے ملک بھر سے طالب علم بلاتفریق مستفید ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے لڑکیوں کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی خوش آئند ہے، پنجاب حکومت نے لڑکیوں کو بااختیار بنانے کیلئے ویمن آن وہیلزپروگرام شروع کیا جس سے 26 ہزار لڑکیاں مستفید ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پہلی جامع نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے، اس حوالہ سے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جا رہی ہے، تین لاکھ طالب علموں نے اس پالیسی سے متعلق فارم پر کرکے بھیجے ہیں، اس پالیسی کی تشکیل کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سروے کیا گیا ہے، اس پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا، اس میں تمام پہلوئوں پر بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نے چار ایز تعلیم، مشغولیت، ماحولیات اور روزگار پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو معلومات کی بروقت فراہمی اور رسائی کیلئے ڈیجیٹل یوتھ ہب قائم کیا گیا ہے، 26 مارچ سے اب تک ڈیجیٹل یوتھ ہب پر پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، 16 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے اس ایپ کو ڈائون لوڈ کیا ہے، اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اس پلیٹ فارم پر نوجوانوں کیلئے سکالرشپس، وظائف، ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں ملک اور بیرون ملک مواقع سے متعلق معلومات اور رسائی موجود ہے، نوجوانوں کو خود کو ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹر کرنا چاہئے تاکہ وہ جلد از جلد معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ قبل ازیں برٹش کونسل کی جانب سے جاری کی گئی پاکستان سکاٹ لینڈ سکالرشپ پروگرام کے تحت لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 10 سال کے دوران اس پروگرام کے تحت 20 ہزار طالبات نے استفادہ کیا۔ سکولوں کی 18 ہزار طالبات نے سکالرشپ حاصل کی جن میں 3527 اقلیتی طالبات اور 93 معذور طالبات شامل ہیں۔

اسی طرح اس عرصہ کے دوران یونیورسٹی کی سطح پر 2 ہزار طالبات نے پاکستان سکاٹ لینڈ سکالرشپ پروگرام سے استفادہ کیا۔ ان میں سے 283 اقلیتی طالبات اور 43 معذور طالبات شامل ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پروگرام سے مستفید ہونے والی لڑکیوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔