آلود ہ ما حول اور پینے کے پانی کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور گردوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، انجم عقیل خان

منگل 29 جولائی 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفاقی دارالحکومت سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس موذی مر ض ہے جو ما حول کے صاف ستھرا نہ ہونے اور پینے کے پانی میں موجود آلودگی اور کثافتوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔پاکستان میں یہ مرض تیزی سے بڑھ رہا ہے جو جگر ، پھیپھڑوں ، گردوں کے کینسر اور دیگر امراض کا سبب بن رہا ہے، اٹلی اور یورپ کے دیگر ممالک میں اوسط عمر سو سال ہے جبکہ ہمارے ہاں اوسط عمر گھٹ کر پچاس سال رہ گئی ہے، صحت و صفائی کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ہیپاٹائٹس کے حوالے سے کام کرنے والی سماجی تنظیم ’’لیپ‘‘ کے زیر اہتمام عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر بھی اس حوالے سے کام کی اشد ضرورت ہے ۔ ’’لیپ ‘‘ کے سی ای او ڈاکٹر انصر اسحاق اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جو یونین کونسل وار اس کام کو جاری رکھے ہوئے ہے اور گھر گھر جاکر مفت ٹیسٹ اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، مخیر حضرات کو آگے آ کر اس کار خیر میں حصہ لینے کی دعوت ہے تا کہ وہ بھی نیکیاں کما کر جنت میں گھر بنا سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے رکن صوبا ئی اسمبلی پنجاب محسن ایوب نے بھی ہیپاٹاٹئس کے مرض کے نقصانات اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس حوالے سے وژن پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصدعوام کو اس مرض کے حوالے سے آگاہی دینا ہے تا کہ لوگ اس سے بچ سکیں۔

انہو ں نے بتا یا کہ ملک میں یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کی پانچ اقسام ہیں اور اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ اس مرض سے متاثرین بلوچستان کے علاقے لورالا ئی میں 93 فیصد ہے اور ملک بھر میں اس مرض سے ایک کروڑ پچاس لا کھ لوگ لوگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر زور دیا ہے۔ تقریب سے سی ای او سیور فوڈز حاجی محمد نعیم ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر شیخ ارسلان حفیظ ، مسلم (ن) کے رہنما مرزا منصور بیگ ، لیپ کے اعزازی چیئر مین ڈاکٹر صغیر ، بانی رکن سیور فوڈز پروفیسر محمد ارشد ، تا جر رہنما ایم اے ہارون شیخ ، ڈاکٹرمحمد سلیم ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی ، ڈی او ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اعجاز ، حمیرا رانا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی کے حامل افراد کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔