ترقی کے لئے امن ضروری ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ مل کر لڑنی ہے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

بدھ 30 جولائی 2025 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ترقی کے لئے امن ضروری ہے، دشمن ممالک کبھی بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن ہو، دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری مشترکہ جنگ ہے، ہم نے جنگ مل کر لڑنی ہے، ہم نے یہ جنگ مل کر جیتنی ہے، بدھ کو امن وامان سے متعلق جاری ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ میں صوبہ خیر پختونخوا کے عوام سے مخاطب ہوں انہوں نے کہا کہ وہ علاقے جو پیچھے رہ گئے ہیں ترقی نہیں کر سکےہم نے ان کو اوپر لے کرآنا ہے۔

ہمارے ضم اضلاع پیچھے رہ گئے تھے اس لئے ان کا انضمام کیا گیا تاکہ ان علاقوں میں ہم ترقی لا سکیں۔ ترقی کے لیے سب سے ضروری چیز امن ہے، لیکن بدقسمتی سے ان علاقوں میں امن قائم نہیں ہو پایا جو ان علاقوں کی ترقی میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے اور ان علاقوں میں بدامنی کی وجہ دہشت گردی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام، اداروں سب نے مل کر قائم کرنا ہے ،پاکستان کے دشمن ممالک کبھی بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن ہو اور پاکستان میں استحکام ہو، دہشت گردی کے جو تانے بانے ہیں وہ انہی دشمن ممالک کے ساتھ جڑتے ہیں اور اس کا خاتمہ ہم نے مل کر کرنا ہے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولتکاروں کا بھی خاتمہ کرنا ہےہم نے دہشتگردوں کو اپنی آبادیوں سے باہر نکالنا ہے تاکہ یہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو ں اس کے لیے ہم سب نے مل کر فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ان کو اپنی آبادی میں کسی بھی صورت نہ چھوڑیں گے اور نہ برداشت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جرگوں کی شروعات کر رہا ہوں اور انشاءاللہ دو اگست سے ہمارے جرگے شروع ہوں گے۔ پہلے ڈویژنل سطح کے جرگے ہونگے ،متعلقہ علاقوں کے تمام مشران، سیاسی قائدین اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھ کر مشاورت کریں گے۔