صوبائی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی کا سرکل بکوٹ کوہالہ میں نادرا آفس کا افتتاح

جمعرات 31 جولائی 2025 12:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سابق وفاقی وزیر و صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی نے سرکل بکوٹ کوہالہ میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ یہاں نادرا آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں قائم حکومت اور وزیراعظم پاکستان کی پالیسیاں قابل تحسین ہیں، وہ دور دراز علاقوں میں عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچا رہی ہے، کوہالہ پل تا کنیر پل تک سڑک سمیت کوہالہ میں پنجاب حکومت کے تعاون سے عظیم الشان ہسپتال کی تعمیر بھی کریں گے۔

اس موقع پر ڈی جی نادرا خیبر پختونخوا خالد خان نے کہا کہ ہماری پالیسی ہے دور دراز علاقوں میں عوام تک سہولیات پہنچائیں جو ہم نے اہلیان بکوٹ کے مطالبہ پر آج یہاں پہنچا دی ہے، اب عوام بھی ادارہ کے لوگوں سے تعاون کریں، سرکل بکوٹ بلکہ آزاد کشمیر کے بڑے علاقہ کو بھی نادرا آفس کے قیام سے فائدہ ملے گا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے بعد نادرا کی جانب سے خدمات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

کوہالہ کے تاریخی مقام پر سرکل بکوٹ اور گردونواح کے عوام الناس کو سہولت ملنے کے بعد دور دراز کا سفر کر کے ایبٹ آباد شہر تک جانے سے یہاں کے لوگوں کی جان چھوٹ گئی ہے۔ تقریب میں ڈی جی نادرا خیبر پختونخوا خالد عنایت مروت، ریجنل ڈائریکٹر فہیم عباسی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سردار فرید، جنرل سیکرٹری ضلع ایبٹ آباد ذولفقار جاوید عباسی، جنرل سیکرٹری تحصیل ایبٹ آباد ضیافت عارف ستی، چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالجبار، چیئرمین فاروق ریالی، چیئرمین لالہ امتیاز، چیئرمین حسام عباسی، چیئرمین سردار سیف ﷲ عباسی، شعیب فاضل عباسی، واجد حمید اعوان، سردار سہیل مشتاق، راجہ مظہر قیوم، حاجی نصار عباسی، حاجی عبدالرشید اعوان اور دیگر یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم سرکل بکوٹ اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔