پیپلز پارٹی کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اسکے باوجود عوام کی خدمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے‘رانا صفدر دلشاد

ملک کو آئین دینا ہو یا ایٹمی طاقت بنانا، عوام کی بے لوث خدمات پیپلزپارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی

جمعرات 31 جولائی 2025 12:40

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) پیپلز پارٹی کے رہنما رانا صفدر دلشاد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا اس کے باوجود عوام کی خدمت سے ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹے،پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی، قائدین سے لے کر کارکن تک سب اسی تربیت کو سامنے رکھ کر عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت اس ملک کے لئے کیا گیا اپنا کوئی کام نہیں بتا سکتی،ملک کو آئین دینا ہو یا ایٹمی طاقت بنانا، میزائل ٹیکنالوجی دینی ہو یا اٹھارویں ترمیم کی صورت میں آئین کی بحالی، سیلاب متاثرین کو اکیس لاکھ گھروں کی فراہمی ہو یا کورونا میں عوام کی بے لوث خدمات پاکستان پیپلزپارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی۔ رانا صفدر دلشاد نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ مگر پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی اور اتفاقِ رائے کے ذریعے 1973کا متفقہ آئین دیا اور بعد میں سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر جمع کر کے اٹھارہویں ترمیم کی۔