ناوینا اسٹیل نیشنل جونیئر پیڈل چیمپئن شپ کا کراچی میں آغاز ہوگیا

چیمپئن شپ کا انعقاد پیڈل ایشیا اور انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن کے تعاون سے کیا گیا ہے، مدثر آرائیں

جمعہ 1 اگست 2025 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) ناوینا اسٹیل نیشنل جونیئر پیڈل چیمپئن شپ کا آغاز کراچی کے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے گراؤنڈ میں ہوگیا، جہاں ملک بھر سے آئے 86 کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے جاری ہیں۔ چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کو تین مختلف کیٹیگریز، انڈر 14، انڈر 16 اور انڈر 18 میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے روز مجموعی طور پر مختلف کیٹیگریز کے 17 میچز کھیلے گئے۔

انڈر 18 کیٹیگری میں سندھ ٹی ٹی ایف نے خیبر پختونخواہ کو 0-6 سے شکست دی، جبکہ سندھ پرو نے پنجاب تھنڈر کو 3-6 سے ہرایا۔ اسی کیٹیگری میں پنجاب تھنڈرز نے سندھ پیڈل کو 0-6 سے زیر کیا، جبکہ اسلام آباد پلس اپنی ابتدائی میچ میں کامیاب نہ ہو سکی۔انڈر 16 کیٹیگری میں سندھ لائنز، سندھ کنگز، کے پی بوائز اور سندھ این اے ایم نے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انڈر 14 کیٹیگری میں ننھے کھلاڑیوں نے بھی زبردست کھیل پیش کیا، جہاں سندھ اللہ والا، سندھ وارئیرز، سندھ شاہین اور سندھ ذاذا نے میدان مار لیا۔

چیمپئن شپ میں انڈر 14، انڈر 16 اور انڈر 18 کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اسپین میں ہونے والے جونیئر پیڈل ورلڈکپ کے لیے منتخب کیا جائے گا، جہاں پاکستان کا دس رکنی دستہ شرکت کرے گا۔افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان پیڈل فیڈریشن کے سی ای او مدثر آرائیں، میدان کے چیف ایگزیکٹو عثمان، اور صدر پاکستان پیڈل فیڈریشن محمد متین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

مدثر آرائیں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ چیمپئن شپ کا انعقاد پیڈل ایشیا اور انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن کے تعاون سے کیا گیا ہے، اور میچز انٹرنیشنل اصولوں کے تحت کروائے جا رہے ہیں۔صدر پاکستان پیڈل فیڈریشن محمد متین نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا مقصد گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ کی تلاش ہے تاکہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔

افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں اور آفیشلز نے یومِ آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر حق و آزادی کے جشن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پاکستان پیڈل فیڈریشن حکومت پاکستان کے وژن کے تحت 14 اگست تک پیڈل کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ کھیل اور کھلاڑی قومی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کر سکیں۔جونیئر چیمپئن شپ کا فائنل اتوار کے روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔