مسائل کو جنگ ، تشدد اور طاقت سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا، میر واعظ

جمعہ 1 اگست 2025 22:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسائل کو جنگ ، تشدد اور طاقت کے استعمال سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتابلکہ امن اور خوشحال کا راستہ بات چیت سے ہموار ہوسکتا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں پہلگام واقعے کے بعد ہونے والی پاک بھارت جنگ پر ایک گرما گرم بحث ہوئی اور حکومت اور حزب اختلاف کے ارکان نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جنگ کی کامیابی اور ناکامی پر گفتگو کی ، تاہم چند ہی ارکان نے جو زیادہ تر حزب اختلاف کے تھے ، جنگ کے انسانی پہلوئوں خاص طور پر جموںوکشمیر کے تناظر میں اپنے جذبات کا اظہار کیا جن میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے تین ارکان میاں الطاف احمد ، انجینئر رشید اور آغا روح اللہ بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی محرومی، بے اختیار ی اور دکھ درد کھل کر بیان کیا ۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری ارکان پارلیمنٹ نے جن جذبات کا اظہار کیا ، وہی جذبات ہم سب کے بھی ہیں لہذا ہمیں امید ہیں کہ نئی دلی میں اقتدار میں موجود لوگ ان لوگوں کی درد بھری باتوں کی طرف سے توجہ دیں گے ۔