ایرانی صدرکی مزاراقبال پر حاضری ، علامہ اقبال کی فکر اور فلسفہ عالم اسلام کیلئے مشعلِ راہ ، مسعود پزشکیان

ہفتہ 2 اگست 2025 21:24

ایرانی صدرکی مزاراقبال پر حاضری ،  علامہ اقبال کی فکر اور فلسفہ عالم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہفتہ کو مفکرِ پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پہنچنے پر پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ ایرانی صدر مسعود پز شکیان،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مزار اقبال پر چیئر مین رویت ہلال کمیٹی و خطیب باد شاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کروائی۔ ا یرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔معزز مہمان نے علامہ اقبال کی فکر اور فلسفے کو عالم اسلام کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔لاہورایئر پورٹ سے مزار اقبال تک اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا تھا جبکہ ایرانی وفد کی سکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی بخاری ،صوبائی وزیر ملک صہیب احمد و دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔