ضلع میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر چمن

ہفتہ 2 اگست 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی نے کہا ہے کہ ضلع چمن میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،اس سلسلے میں شہر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر اظہار یکجہتی کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی چمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو سختی سے ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ یوم استحصال کے حوالے سے تمام انتظامات کو مکمل کریں اور ان تقریبات میں مختلف طبقہ ہائے فکر، سیاسی و سماجی رہنما، طلباء، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم، جبری قبضے، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بھارت نے جس طرح 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔