Live Updates

ملکی معشیت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مشیر خزانہ خرم شہزاد

اتوار 3 اگست 2025 01:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت اور مستحکم ہے، حالیہ اشارے بتاتے ہیں کہ ملکی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں متواتر کمی آئی ہے اور ٹیکس لگانے کا مجموعی رجحان اب نیچے کی طرف ہے، انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ اور کارپوریٹ سیکٹر پر ٹیکس کے بوجھ میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تو صرف شروعات ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آگے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (S&P) نے پاکستان کی ریٹنگ آئوٹ لک کو اپ گریڈ کیا ہے اور دیگر بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی اپنے جائزوں پر مثبت نظر ثانی کی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں سب سے زیادہ سازگار ٹیرف کی شرحیں حاصل کی ہیں۔

اس سے بھی زیادہ اہم امریکی اعلان پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا ہے جو خطے کے کسی اور ملک کو حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے تیل اور معدنیات، مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور کرپٹو ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری معیشت کیلئے بہت خوش آئند پیش رفت ہے، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس موقع کو استعمال کریں اور اسے ایک طویل المدتی کامیابی کی کہانی میں ڈھالیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات