بھارتی فوجیوں نے کولگام میں 5نوجوانوں کو شہید کردیا

رواں ہفتے کے دوران علاقے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی

اتوار 3 اگست 2025 13:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام میں 5کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے رواں ہفتے کے دوران علاقے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان نوجوانوں کو دیوسر کے علاقے اکہال کے جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔

یہ مشترکہ آپریشن جمعہ کی شام بھارتی فوج،پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس نے شروع کیاتھا۔بھارتی فوج نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے پیر کو سرینگر کے علاقے داچھی گام میں تین اور بدھ کو پونچھ کے علاقے کسلیان میں دو نوجوانوں کو شہید کیاتھا۔