چشتیاں ،وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر معرکۂ حق کی مناسبت سےجشنِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں

اتوار 3 اگست 2025 17:50

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں معرکۂ حق کی مناسبت سے ضلع بہاولنگر کی تمام تحصیلوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور مختلف محکمے متحرک ہیں۔ضلع بھر کی سڑکوں، شاہراہوں، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور کھیلوں کے مراکز کو پاکستانی پرچموں، جھنڈیوں، اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ عمارتوں پر برقی قمقموں سے روشنی کا خوبصورت منظر پیش کیا جا رہا ہے۔تحصیل بہاولنگر، چشتیاں، ہارون آباد، فورٹ عباس اور منچن آباد میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، جہاں شہریوں، طلباء، افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپورٹس کمپلیکسز، گراؤنڈز، اور اسٹیڈیمز کو بھی جھنڈیوں اور لائٹوں سے سجا کر ایک قومی جشن کی فضا قائم کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا ہے کہ "معرکۂ حق ہمارے قومی تشخص کی علامت ہے، اور جشنِ آزادی کے موقع پر اس عزم کی تجدید ضروری ہے کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔" ضلعی حکومت کی طرف سے یہ تقریبات اگست میں جاری رہیں گی، جن میں طلباء کے مقابلے، ملی نغموں کی محفلیں، واکس، اور عوامی شمولیت پر مبنی دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔\378