ایرانی وزیر فرزانہ صادق کا وفاقی وزراء کے ساتھ مشترکہ اجلاس، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور بالخصوص ذرائع آمدورفت میں بہتری لانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

اتوار 3 اگست 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ایران کی وزیر روڈ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزراء برائے مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر ریلویز حنیف عباس کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں شرکت کی جہاں دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود دوستانہ اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور بالخصوص ذرائع آمدورفت میں بہتری لانے کے مختلف امور زیر غور آئے، اجلاس میں ایران کی طرف سے پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شرکت اور گوادر سے چاہ بہار کے بحری روٹ پر باہمی تجارت میں فروغ پر بات چیت ہوئی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایران کے صدر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ایران کو اسرائیل کے خلاف سرخرو ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں جو سارے عالم اسلام کے لئے فخر اور مسرت کا مقام ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایران اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا جبکہ حالیہ معرکے نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب کر دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایرانی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کو 23 اور 24 اکتوبر کو پاکستان میں ہونے والی منسٹریل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس میں 20 ممالک شرکت کریں گے، ایرانی وزیر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور ساتھ دینے پر پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گاڑیوں کی موجودہ تعداد میں اضافہ ضروری ہے اور ہم کوئٹہ سے زاہدان کے موجودہ روٹ میں بھی جدت لا سکتے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دونوں ممالک کی طرف سے ورکنگ گروپس کی تجویز پیش کی تاکہ دوطرفہ امور کی تیزی سے تکمیل ہو سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایرانی وزیر کو تجارت کے حجم میں اضافے اور مختلف امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے ٹریڈ مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ کئی ایک شعبوں میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے، وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے اسلام آباد، تہران اور استنبول ریل منصوبے کا از سر نو جائزہ لینے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے زاہدان کے ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ اور تعداد میں اضافہ کریں گے، ایرانی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہو ایران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اورکہا کہ ان کا دورہ پاکستان انتہائی خوشگوار اور یادگار ہے جس سے دونوں ممالک کو مزیدفعال انداز میں کام کرنے کا موقع ملے گا، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے حالیہ دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔

انہوں نے ایران کی وزیر برائے روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کو تحائف بھی پیش کیے اور ایران کی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔