شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی جامشورو میں جنگ اور امن میں ذہنی صحت سے متعلق سیمینار

پیر 4 اگست 2025 17:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو میں ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کور، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو چیپٹر کے اشتراک سے جنگ اور امن میں ذہنی صحت سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گيا۔ سیمینار معرکہ حق کی کامیابی کے ساتھ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر دو ہفتے کی تقریبات کا حصہ تھا۔

سیمینار میں طلبا، فیکلٹی ممبران اور طبی پیشہ ور افراد اور ماہر ڈاکٹرز نےخاص طور پر بحرانی حالات میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور تیاری کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار میں جن اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں ذہنی صحت کی دیکھ بھال، بنیادی زندگی کی مدد، بڑے پیمانے پر اموات کے دوران انتظامات اور جنگ اور تنازعات والے علاقوں کے دوران طبی آگاہی شامل تھی۔

(جاری ہے)

سیمینار میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کی ممتاز طبی ماہرین کی جانب سے خطابات کيے گئے۔ ڈاکٹر ثنا مرزا نے جنگ کے نفسیاتی نقصان اور کمیونٹی کی بنیاد پر ذہنی صحت کی اہمیت پر خطاب کیا۔ ڈاکٹر ماہم عالمانی نے امن اور جنگ کے دوران تناؤ سے نمٹنے کی حکمت عملیوں کے لیے عملی نقطہ نظر کا اشتراک کیا۔ ڈاکٹر عاطر راجپوت نے بڑے پیمانے پر اموات سے نمٹنے کا طبی جائزہ فراہم کیا اور ہنگامی حالات میں فرسٹ ریسپانس سسٹم اور بنيادی زندگی کی ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر میں قائم مقام رجسٹرار شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی جامشورو محمد سلیمان بھٹو نے مقررین کو اجرک اور شیلڈز پیش کیں۔