تعلیم، صحت، روزگار اور سڑکوں کی سہولت ہر شہری کا حق ہے،گورنر سندھ

پیر 4 اگست 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، روزگار اور سڑکوں کی سہولت ہر شہری کا حق ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-اے ۔ معرکہ حق، جشن آزدی کی مناسبت سے منعقدہ شجر کاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گوررسندھ کی آمد پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا۔

معرکہ حق، جشن آزادی کی مناسبت سے گورنر سندھ نے شجرکاری مہم میں شرکت کی اورپودا لگا کر مہم کو جاری رکھنے کی تلقین بھی کی،بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے قومی جذبے سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کی ایسی تربیت کرنی ہے جو دوسروں کے احترام کا جذبہ رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 77 برس بیت گئے، مگر عوامی مسائل آج بھی برقرار ہیں،ملک کی ترقی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے، اسے باشعور انداز میں استعمال کریں،ایسے نمائندے کو ووٹ دیں جو عوام کا احترام کرے اور مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہوں گا۔گورنر سندھ نے شہریوں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹااور تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا۔شجرکاری مہم میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائمخانی، منتخب نمائندوں سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔