سیالکوٹ، پنجاب ٹیچرز یونین کے عہدیداران کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مشترکہ بیان

پیر 4 اگست 2025 22:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) کشمیریوں کے پہاڑ جیسے بلند حوصلے اور جذبہ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، 5 اگست کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔اِن خیالات کا اظہار پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر محمد اصغر کاہلوں، ضلعی جنرل سیکرٹری سید دستار علی نقوی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ارشد محمود، سنیئر ضلعی نائب صدر امجد پرویز گھمن، ضلعی نائب صدور ناصر لطیف گجر، چوہدری عارف گجر، غلام دستگیر خاں، ڈاکٹر اعجاز عارف، عارف سلہری, ذوالفقار سلہری ،سنیئر رہنماؤں محمد منشاء گھمن،قیوم اختر ورک، سید دلدار حسین کاظمی، مقصود حسین لودھرا اور دیگر رہنماؤں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے اُن کی منزل "بھارتی تسلط سے آزادی اور پاکستان سے الحاق" قریب سے قریب تر ہوتی جارہی ہے کیونکہ اس منزل کو حاصل کرنے کے لیے اس تحریک میں لاکھوں کشمیر یوں کا خون شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے چھ سال پہلے آج ہی کے دن 5 اگست2019 کو غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے وہاں پر کرفیو اور لاک ڈاؤں لگا دیا تھا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے 5 اگست کو ہر سال یوم استحصال کشمیر منایا جاتا ہے۔

پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر بھارت کی داخلی و قومی سلامتی کے لئے خطرناک ثابت ہوگی اور مودی سرکار کی انتہا پسندانہ سوچ اور پالیسیاں بھارت کی تباہی کا باعث بنیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اصل میں تحریک تکمیل پاکستان ہے اور پوری پاکستانی قوم اور ریاست پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے اور کشمیریوں کی حق خود اردیت اور اُن کی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ریاستی دہشت گردی اور بدترین مظالم پر اُن کی خاموشی کو تاریخ میں بد ترین الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔