کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت

پیر 4 اگست 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے یومِ استحصال کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھی۔

قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دن ہمیں کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور ان کے سیاسی و جمہوری حقوق کے سلب کیے جانے کی یاد دلاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کشمیری ثقافت، زبان اور شناخت کے تحفظ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ کشمیریوں کی تاریخ، تشخص اور مزاحمت کو اجاگر کیا جا سکے۔