ضلع کولگام میں بھارتی فوج کی محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی پانچویں روز بھی جاری

منگل 5 اگست 2025 10:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فوجیوں نے منگل کو مسلسل پانچویں روز بھی محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی جاری رکھی ،جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کودرپیش مشکلات میں کئی گنااضافہ ہو گیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ آزاد میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ضلع کے علاقے اکھل میں جمعہ کو فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیاگیاہے۔

بھارتی پولیس حکام نے اعتراف کیا ہے کہ کارروائی کے دوران ڈرونز، ہیلی کاپٹر اور ایلیٹ سپیشل فورسز کو بھی استعمال کیاجارہاہے ۔ جھڑپوں کے دوران 4 بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔بھارتی فوج کے اضافی دستوں کو علاقے میں تعینات کیاگیاہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھت اور بھارتی فوج کی15کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو سمیت اعلیٰ بھارتی حکام نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کاجائزہ لینے کے لئے علاقے کا دورہ کیا ہے ۔