دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، مشعال ملک

منگل 5 اگست 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنماء محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعل ملک نے ایک انٹرویو میں کہاکہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کے امن اور اسکے اربوں لوگوں کی زندگی کو مسلسل خطرہ لاحق رہے گا ۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیاکہ وہ اپنی متعلقہ قرارداوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عمل اقدامات کرے کیونکہ یہ عالمی ادارے کی اپنی ساکھ اور وقار کا سوال ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کو بھارت کے خلاف جو فتح ملی ہے، یہ کشمیری عوام کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔

(جاری ہے)

یہ فتح صرف ایک عارضی کامیابی نہیں بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمیشہ حق اور سچ کی جیت یقینی ہے۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح نے کشمیریوں کے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے اور ان کو یہ احساس دلایا ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کشمیریوں کے ساتھ بہت مخلص ہیں۔ وہ ان کے دکھ اور تکلیف کو گہرائی سے سمجھتے ہیں۔ ان کا یہ بیان کہ کشمیر پر 10جنگیں بھی لڑیں گے کوئی معمولی بات نہیں ۔ اس بیان سے نہ صرف پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کامضبوط عزم ظاہر ہوتا ہے بلکہ کشمیری عوام کو اس بیان سے یہ یقین بھی دلایاگیا ہے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑا ہے۔یہ بیان اس حقیقت کو بھی واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے لیے کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ اس کی نظریاتی اور قومی سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہے۔