کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ، 5 اگست 2019 تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نےکشمیری عوام کے حقوق پر کھلا ڈاکہ ڈالا،عظمیٰ بخاری

منگل 5 اگست 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی ہمارے لیے محض ایک سیاسی عمل نہیں بلکہ دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے، 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کر کے کشمیری عوام کے حقوق پر کھلا ڈاکہ ڈالا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو الحمرا میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی، پاکستان ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی اعتبار سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیر نہ صرف مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے بلکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی، ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کا عزم و استقلال پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی،ظلم حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے اور اب ان کے مٹنے کا وقت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سات مئی کو بھارت نے ناپاک کوشش کی لیکن ہم نے چند گھنٹوں میں اسے دھول چٹا دی،بھارت دنیا میں آج سفارتی تنہائی کا شکار ہے، محمد نوازشریف ہوں یاوزیراعظم محمد شہبازشریف انہوں نے جب بھی دنیا میں بات کی تو کبھی کشمیر کی بات کرنا نہ بھولے،ڈونلڈ ٹرمپ بھی کہنے پر مجبور ہوا ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اسے حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قوم استحصال کشمیر منا رہی وہاں ایک گروپ استحصال پاکستان منائے گا،جب بھی کوئی معرکہ آرائی کرنا ہوتی ہے تو فتنہ کی کال دےدی جاتی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے لوگوں کی موجودگی میں احتجاج کیا گیا، پاکستان اور ریاست مضبوط ہے اسے چند شر پسند عناصر پر مبنی ٹولہ سرنگوں نہیں کر سکتا،آج پھر پاکستان کے خلاف نئی سازش کا پلان ہے، والدین اپنے بچوں کو شرپسندی کی سیاست سے دور رکھیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج کشمیریوں کا دن ہے، یہ ہر پاکستانی کے لیے اتنا ہی تکلیف دہ ہے جتنا کسی کشمیری کے لیے ،یہ دن مودی کی فاشسٹ سوچ کا عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبے کے عوام کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہوں،کشمیری عزم و ہمت کی تصویر ہیں ،وہ اپنی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری خواتین بھی قربانیاں دے رہی ہیں، برہان وانی کو کوئی نہیں بھول سکتا،کشمیری ڈرنے یا جھکنے والی قوم نہیں، کشمیریوں کی آہیں اور قربانیاں رنگ لانے والی ہیں۔\932