ظلم وتشدد، ماورائے عدالت قتل،میڈیا بلیک آؤٹ، اظہار رائے پر پابندی اور مسلسل کرفیو نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم استحصال کشمیرپر پیغام

منگل 5 اگست 2025 15:43

ظلم وتشدد، ماورائے عدالت قتل،میڈیا بلیک آؤٹ، اظہار رائے پر پابندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ5 اگست بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو مسخ کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا کہ مودی سرکار نے دھونس کے ذریعے کشمیریوں کے آئینی حقوق، شناخت اور آزادی پر شب خون مارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وتشدد، ماورائے عدالت قتل،میڈیا بلیک آؤٹ، اظہار رائے پر پابندی اور مسلسل کرفیو نے وادی کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ نئے ڈومیسائل قانون کے تحت لاکھوں ہندو باشندوں کو وادی میں آباد کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی آبادی کو اقلیت میں بدلا جا سکے۔

(جاری ہے)

کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر بھی مودی سرکار ٹس سے مس نہ ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ یکطرفہ بھارتی اقدامات جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، مسئلہ کشمیر فوری طور پر بین الاقوامی توجہ کا متقاضی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، جو غیر قانونی و غیر انسانی حربوں کے باوجود آزادی کی شمع بلند کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔