یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 17:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ریلی میں آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی اور آزاد کشمیر کی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں قومی و ریاستی پرچم اٹھا رکھے تھے اوروہ بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعروں لگا رہے تھے ۔مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5اگست2019کو آئینی جارحیت کا ارتکاب کر کے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی گھنائونی سازش رچائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے خود کو بد عہد ملک اور انسانی حقوق کا بدترین دشمن ثابت کیا ہے ۔

مقررین نے کہاکہ دفعہ370اور35اے کی منسوخی کے ساتھ ہی بھارت نے غیر قانونی طور پر لاکھوں بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کئے اور سینکڑوں کشمیریوں کو انکی املاک اور سرکاری ملازمتوں سے محروم کردیا۔انہوں نی5اگست 2019کے مودی حکومت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات اور بھارتی سپریم کورٹ کے جانبدار اور سیاسی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ دہرایا۔ ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر مارچ بھی کیا۔