ضلع باغ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 18:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی،جس میں ضلعی انتظامیہ،بلدیاتی نمائندگان، ملازمین تنظیمیں، مہاجرین جموں کشمیر، سیاسی جماعتوں کے نمائندگان،وکلا، صحافی، طلبا، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر ہر طرف سیاہ پرچم اور بھارت کے خلاف درج نعروں سے مزین بینرز نظر آئے۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطہ سے شروع ہوئی ۔ قبل ازیں احاطہ ڈپٹی کمشنر آفس میں احتجاجی پروگرام بھی منعقد ہوا جس سے ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت، میئر کارپوریشن سردار عبدالقیوم بیگ، چیئرمین علمائے مشائخ کونسل مولانا امتیاز صدیقی، سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ،ایکسین برقیات قاضی خالد، مفتی ادریس چغتائی،چوہدری عبدالواحد، لطیف لون، ارشاد بٹ، انعام عزیز، راجہ عبدالحفیظ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کو آرٹیکل 370اور 35Aختم کر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کی جس پر اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے، کشمیری نہ تو بھارت کے اس اقدام کو مانتے ہیں اور نہ ہی اس اقدام کے بعد کی غیر آئینی اور غیر قانونی کارروائیوں کو مانتے ہیں، بھارت جو چاہے کر لےکشمیریوں کی آخری دم تک جد و جہد آزادی جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر کے اندر نہتے کشمیریوں پر لاکھوں فوجیوں کے ذریعے جد و جہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے جو اس کی بھول ہے ،تحریکیں طاقت کے زور پر نہیں دبائی جاتیں بلکہ مزید ابھر کر سامنے آتی ہیں۔

مقررین نے عالمی دنیا بالخصوص اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پانچ اگست کے اقدام کو واپس لینے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالا جائے اور کشمیر کی تمام اکائیوں کو جمع کر کے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ پروگرام کے اختتام پر شہدائے کشمیر، کشمیر کی آزادی اور شہدائے پاک فوج کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔