فلاپ مارچ اور صرف پندرہ لوگوں کی فوٹو ریلی،عوام نے پی ٹی آئی کے تماشے کو یکسر مسترد کر دیا‘ عظمی بخاری

منگل 5 اگست 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے پاکستان تحریکِ انصاف کے ناکام لانگ مارچ اور محدود شرکت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے چاری عالیہ حمزہ کو 45 گاڑیوں کے ساتھ ٹریفک روک کر ویڈیوز بنانا پڑ رہی ہیں، اور اسے تاریخی ریلی قرار دیا جا رہا ہے، یہ افسوسناک بھی ہے اور مزاحیہ بھی۔

انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ لاکھوں کارکن دکھائے جائیں، بہن عالیہ ٹریفک کے ساتھ کلپ بنا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ پورے مارچ میں صرف پندرہ لوگ ہیں، اور وہی 'خان تیرے چاہنے والی' کہلا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے اس تماشے کو سنجیدہ نہیں لیا۔ سائیڈوں سے گاڑیاں گزار کر اپنے راستے بنا رہے تھے، کیونکہ انہیں معلوم ہے یہ صرف ویڈیو شو ہے۔وزیر اطلاعات نے مشورہ دیا کہ اگر ویڈیوز ہی بنانی ہیں تو کم از کم عوامی حمایت تو دکھائیں۔ صرف ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کا دعوی نہ کریں۔عظمی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ یہ تماشے اب عوام پر اثر انداز نہیں ہوتے، عوام باشعور ہو چکے ہیں اور اب جھوٹے نعروں کے پیچھے نہیں چلتے۔