سہ فریقی سیریز،پاک-افغان میچز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے خصوصی پلان مرتب کرلیاگیا

بدھ 6 اگست 2025 17:31

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مقامی انتظامیہ نے رواں ماہ کے اختتام پر شارجہ میں شروع ہونے 3 ملکی ٹی 20 سیریز کے دوران اسٹیڈیم میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان تیار کر لیا۔میڈیا رپورٹ کے انتظامیہ نے ماضی میں افغان شائقین کی جانب سے پاکستانی فینز پر دورانِ میچ حملوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے نئی گائیڈ لائنز تیار کی ہیں جس کے تحت میدان میں کسی بھی فین کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مجوزہ منصوبے کے تحت سہ فریقی سیریز کے دوران شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک-افغان شائقین کو الگ الگ بٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ماضی میں افغان شائقین کی جانب سے بدنظمی کے پیش نظر دونوں ممالک کے فینز کی اسٹیڈیم میں داخلے کی انٹری اور انکلوژرز علیحدہ رکھے جائیں گے، ساتھ ہی شائقین کو ایک دوسرے کے انکلوژرز اور گیٹس پر جانیکی بھی اجازت حاصل نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے دوران پاکستان اور افغانستان کے مابین 2 میچز شیڈول ہیں، دونوں ٹیمیں 29 اگست اور 2ستمبر کو شارجہ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔یاد رہے کہ شارجہ ہی میں ایشیاکپ 2022کے دوران افغان فینز نے پاکستانی شائقین پر اسٹیڈیم کے اندر اور باہر حملے کیے تھے ، اسی طرح انگلینڈ میں ہونے والے 2019 کے ورلڈکپ کے دوران لیڈز کے میدان میں پاکستان سے شکست کے بعد افغان شائقین کرکٹ نے پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہِ نیوزی لینڈ کے دوران ماؤنٹ مونگانوئی کے میدان میں 2 افغان فینز نے قومی کرکٹر خوشدل شاہ کو نازیبا الفاظ کہہ تھے جس پر کھلاڑی نیکافی غصے کا اظہار کیا تھا، بعدازاں دونوں افغان شہریوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا تھا۔رواں برس چیمپئنز ٹرافی کے کراچی میں ہونے میچز کے دوران افغان فینز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی کرسیاں بھی توڑ دی تھیں، جس پر کرکٹ شائقین نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔