رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

بدھ 6 اگست 2025 20:24

رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اعظم سواتی نے پشاور ہائی کورٹ میں خود کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی کے وکیل علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی کی آج صبح پشاور ایئرپورٹ سے دبئی کی فلائٹ تھی، اعظم سواتی کو پشاور ہائی کورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکام کے باوجود اعظم سواتی کو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔وکیل نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ روز احکام جاری کیے تھے کہ اعظم سواتی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیا جائے۔وکیل نے درخواست میں کہا کہ اعظم سواتی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، عدالتی احکام کے باوجود اعظم سواتی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی، جو توہین عدالت کے مترادف ہے، لہٰذا متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔