لندن میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مظاہرے میں سینکڑوں افراد کی شرکت

اقوام عالم اور اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کریں،سردار عثمان علی خان

بدھ 6 اگست 2025 21:32

مظفرآباد/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)چیئرمین آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان نے لندن میں بھارت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی۔ مظاہرے کا اہتمام یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور بھارت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق امیر ڈاکٹر خالد محمود، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ رہنما، کارکنان، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’کشمیر کی آزادی ہمارا حق ہے‘‘، ’’بھارت دہشت گرد ریاست ہے‘‘ اور ’’5 اگست کو ہم نہیں بھولے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

سردار عثمان علی خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019ء کا دن کشمیری قوم کے لیے ایک سیاہ دن ہے، جب بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دینا، آبادی کا تناسب بدلنے کی سازشیں، نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں، اور خواتین کی بے حرمتی جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کریں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرے اور کشمیری عوام کو ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

مظاہرین نے لندن کی سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی اور بھارت کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس مظاہرے کو برطانوی میڈیا سمیت مختلف بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے بھی نمایاں کوریج دی۔مظاہرے کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور عزم کا اظہار کیا گیا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔