ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ آزادی اور "معرکۂ حق" کی مناسبت سے تقریبات جاری

جمعرات 7 اگست 2025 13:46

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ آزادی اور "معرکۂ حق" کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرچم کشائی، 300 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹنے اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں کمشنر شہید بینظیرآباد ندیم احمد ابڑو، ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈپٹی میئر چوہدری مبشر آرائیں، وائس چانسلر بینظیر بھٹو یونیورسٹی پروفیسر مدد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد سلیم زرداری، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ سمیت مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد یومِ آزادی کی خوشی میں 300 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ بعد ازاں رنگا رنگ آتش بازی کے ذریعے جشنِ آزادی کو یادگار بنایا گیا۔ تقریب میں حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قومی نغموں پر مبنی موسیقی کا پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں فنکاروں نے پرفارمنس دے کر شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 14 اگست پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جو قربانی، جدوجہد اور عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کی قدر کرتے ہوئے ملک کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقررین نے "معرکۂ حق" کے تناظر میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا اختتام وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔