رنگلہ دھیرکوٹ روڈ کی تعمیر پر مشاورت، اپوزیشن وفد کی صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان سے ملاقات ،تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

جمعرات 7 اگست 2025 14:56

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان سے فاریسٹ ریسٹ ہاؤس دھیرکوٹ میں رنگلہ دھیرکوٹ روڈ کی تعمیر سے متعلق ایک اہم مشاورتی ملاقات ہوئی، جس میں اپوزیشن رہنماؤں پر مشتمل وفد نے وائس چیئرمین راجہ فہیم فاروق کی قیادت میں شرکت کی۔ وفد میں ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ محمود خان، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ توصیف آصف اور راجہ وقار نذیر شامل تھے۔

ملاقات کے دوران رنگلہ دھیرکوٹ روڈ کی موجودہ صورتحال، عوامی مشکلات اور تعمیراتی عمل میں پیش آنے والی رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی مفاد میں تمام مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عرفان عباسی، راجہ محمد منیر خان، سردار عبدالواحد خان، راجہ خورشید حمید، راجہ افتخار افضل، راجہ عنصر شفیق ایڈووکیٹ، راجہ خورشید خان، ٹھیکیدار شاہد عباسی، چیئرمین سردار شکیل عباسی، راجہ محمد نیاز خان، راجہ شہباز خان، راجہ شاہد خان، راجہ صیاد ایوب، راجہ عبدالخالق، راجہ شیش خان، حافظ راجہ عمران، راجہ آصف صیاد اور دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔

انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر دھیرکوٹ، ایکسئین شاہرات باغ، ایس ڈی او شاہرات اور ایس ایچ او دھیرکوٹ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ انتظامی افسران نے جاری ترقیاتی عمل، بجٹ کی دستیابی، منصوبہ بندی اور روڈ کی تعمیر میں حائل تکنیکی مسائل سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے دھیرکوٹ فاریسٹ ریسٹ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں روداری کو ہر صورت قائم رکھنا چاہیے پاکستان کے اندر سیاسی رواداری کا عنصر کم نظر آتا ہے اسکی نسبت آزادکشمیر کے اندر سیاسی رواداری کہیں گنا زیادہ ہے سیاست کے اندر رواداری کی بنیاد مجاہداول نے 70کی دہاء میں رکھی تھی صدارتی الیکشن جیت کر غازی ملت سردار ابراہیم خان کے پاس خود چل کر گئے کے ایچ خورشید مرحوم کے پاس گئے یہ چیزیں ہمیں اپنے بڑوں سے ملی ہیں اسلئے انکا جاری ساری رہنا ضروری ہے اپوزیشن جماعتوں کے ذمہ داران عہدیداران کارکنان میرے لئے قابل احترام ہیں زندگی میں مسائل کے حل کے لئے رویوں کا بھی عمل دخل ہوتا ہے اپوزیشن رہنماؤں کی حلقہ کے مسائل کے حل کے لئے مل بیٹھنا نیک شگون ہے کمی کوتاہی سب ملکر دور کر سکتے ہیں ذاتی طور پر کسی بھی شخص کے ساتھ دانستہ طور پر ووٹ یا سیاست کی بنیاد پر زیادتی نہیں کی ہے۔

دھیرکوٹ رنگلہ روڈ بشارت شہید روڈ چھپڑیاں گھوڑیکیر روڈ کی جلد تعمیر کے لئے اپنا مثبت رول ادا کرتے رہینگے۔اللہ نے توفیق دی تو یہ مسائل اتنے بڑے نہیں ہیں دھیرکوٹ رنگلہ روڈ پر ٹینڈر پراسیس کے بعد جلد کام شروع ہو گا۔اس موقع پر راجہ فہیم فاروق نے 11اگست کے احتجاج کی کال واپس لینے کا اعلان کیا۔انتظامیہ دھیرکوث ایس ڈی ایم خواجہ امجد قادر ایکسئن شاہرات باغ ایس ڈی او شاہرات دھیرکوٹ ایس ایچ او دھیرکوٹ بھی موجود تھے، رنگلہ دھیرکوٹ روڈ ایک اہم منصوبہ ہے جو عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑا ہوا ہے، اور اس کی بروقت تکمیل علاقے کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد میں کام کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رنگلہ دھیرکوٹ روڈ سمیت دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کیا جائے گا، اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے سفر کو مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔

دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سے دھیرکوٹ فاریسٹ ریسٹ ہاوس میں رئیس پونچھ راجہ یعقوب خان مرحوم والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپانسرز نے ملاقات کی اسی دن مجاہد اول ہاوس میں چیئرمین سردار شکیل عباسی کی قیادت میں پرائیویٹ فاریسٹ ایسوسی ایشن بھی ملاقات کی۔